اسرائیل نے ایران پر بڑا حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری اور ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی سمیت 4 اعلیٰ فوجی افسران اور 6 جوہری سائنسدان شہید ہوگئے، اسرائیل نے حملے میں ایران کے جوہری اور عسکری مراکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ ایرانی میڈیا کے مطابق حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت 5 شہری شہید اور 50 زخمی ہوئے ہیں۔ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیلی حکومت نے ایران پر رات کے وقت کیے گئے حملوں سے اپنی تلخ اور تکلیف دہ تقدیر رقم کر دی ہے۔اب تک کی اہم پیش رفت اسرائیل کا 200 لڑاکا طیاروں کے ذریعے 100 تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعویٰ حملے سے قبل موساد کے کمانڈوز نے ایران میں زمینی کارروائی کی، صہیونی حکام ایران کی آرمی چیف اور پاسداران انقلاب کے سربراہان اور 6 سائنسدانوں کی شہادت کی تصدیق اسرائیل کا ایران کے ڈرون مار گرانے کا دعویٰاسرائیلی حملوں میں 5 شہری شہید، خواتین اور بچوں سمیت 50شہری زخمی قم کی مسجد جمکران میں بدلے کی علامت سرخ پرچم لہرادیا گیابرطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسرائیل نے کہا ہے کہ اس نے جمعے کو ایران کی جوہری تنصیبات، بیلسٹک میزائل فیکٹریوں اور عسکری کمانڈرز کو نشانہ بنایا ہے اور خبردار کیا کہ یہ ایک طویل آپریشن کا آغاز ہے جس کا مقصد تہران کو ایٹمی ہتھیار بنانے سے روکنا ہے۔اسرائیلی فوج کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران پر حملوں میں 200 لڑاکا طیاروں نے حصہ لیا اور 100 سے زائد تنصیبات کو نشانہ بنایا۔اسرائیلی سیکیورٹی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ موساد کی کمانڈو فورسز نے حملوں سے قبل ایران میں خفیہ طور پر کارروائیاں کیں۔ایک اسرائیلی سیکیورٹی ذرائع کے مطابق موساد کے کمانڈوز نے وسطی ایران میں کارروائی کے دوران ایران کے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل نظاموں کے مقامات کے قریب کھلے علاقوں میں درست نشانہ لگانے والے ہتھیار نصب کیے۔ایرانی میڈیا اور عینی شاہدین نے اطلاع دی کہ ملک کی مرکزی یورینیم افزودگی تنصیب نطنز سمیت مختلف مقامات پر دھماکے ہوئے، جبکہ اسرائیل نے ممکنہ ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کے خدشے کے پیش نظر ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا۔ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا نے تصدیق کی ہے کہ تہران پر کیے گئے اسرائیلی حملوں میں ایران کی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری اور پاسداران انقلاب کے چیف کمانڈر میجر جنرل حسین سلامی شہید ہو گئے ہیں۔ایرانی خبر رساں ادارے ارنا نے ایران کے جوہری سائنسدان اور اسلامی آزاد یونیورسٹی کے صدر محمد مہدی طہرانچی اور معروف جوہری سائنسدان اور ایرانی ایٹمی توانائی تنظیم کے سابق سربراہ فریدون عباسی اور خاتم الانبیا ہیڈکوارٹرز کے کمانڈر میجر جنرل غلام علی راشد اور ایئرواسپیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل عامر علی حاجی زادہ کی شہادت کی بھی تصدیق کردی ہے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسرائیلی حملوں میں ایران کے 6 جوہری سائنسدان بھی شہید ہوگئے ہیں جبکہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشیر خاص اور پاسداران انقلاب کے کمانڈر علی شمخانی بھی شدید زخمی ہوئے ہیں۔ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق اسرائیل نے حملے میں تہران میں واقع پاسداران انقلاب کے ہیڈکوارٹرز کو بھی نشانہ بنایا ہے۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 2 علاقائی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں پاسداران انقلاب کے سربراہ اور ایئرواسپیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل عامر علی حاجی زادہ سمیت کم ازکم 20 سینئر ایرانی فوجی حکام شہید ہوئے ہیں۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایرانی مہر نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں شہید جوہری سائنسدانوں میں عبدالحمید منوچہر، احمدرضا ذوالفقاری، امیرحسین فقیہی، مطلب لیزادہ، محمد مہدی طہرانچی اور فریدون عباسی شامل ہیں۔میجر جنرل عبدالرحیم موسوی ایرانی مسلح افواج کے نئے سربراہ مقرردریں اثنا، ایرانی خبر رساں ادارے مہر نیوز کے مطابق ایرانی مسلح افواج کے سپریم کمانڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے حکم پر سابق آرمی کمانڈر میجر جنرل عبدالرحیم موسوی کو ایرانی مسلح افواج کا نیا چیف آف اسٹاف مقرر کیا گیا ہے، اسی حکم کے تحت بریگیڈیئر جنرل محمد پاکپور کو پاسداران انقلاب کا نیا کمانڈر تعینات کر دیا گیا ہے۔

0 Comments