امریکی پولیس اہلکار کی خاتون رپورٹر کو گولی مارنے کی ویڈیو وائرل
امریکا کے نیشنل گارڈ اہلکار کی جانب سے مظاہرہ کی براہ راست کوریج کرنے والی آسٹریلوی خاتون رپورٹر کو گولی مارنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ (اے پی) کے مطابق آسٹریلوی ٹی وی چینل ’نائن نیوز‘ کی خاتون رپورٹر امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر کے لاس اینجلس میں مظاہرے کی براہ راست رپورٹنگ کر رہی تھی کہ نیشنل گارڈ کے اہلکار نے انہیں ربڑ کی گولی مار دی۔خاتون رپورٹر لاس اینجلس میں غیر قانونی تارکین وطن کی جانب سے امریکی پولیس کی کارروائیوں کے خلاف کیے جانے والے مظاہروں کی رپورٹنگ کر رہی تھی۔چینل کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں خاتون رپورٹر لورین توماسی کو رپورٹنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے، وہ مظاہرے سے متعلق معلومات فراہم کر ہی رہی تھیں کہ ان کے عقب میں کھڑے اہلکار نے انہیں گولی دے ماری۔ویڈیو میں گولی لگنے کے بعد لورین توماسی کو درد کی وجہ سے چلاتے ہوئے بھی دیکھا اور سنا جا سکتا ہے۔گولی لگنے کے بعد خاتون رپورٹر اور ان کے کیمرامین نے کوریج بند کردی۔بعد ازاں خاتون رپورٹر نے اپنے ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ خیریت سے ہیں، انہیں ربڑ کی گولی لگنے سے کچھ وقت تک درد ہوا، اب وہ اور ان کے کیمرامین ٹھیک ہیں۔خاتون رپورٹر کو ربڑ کی گولی مارے جانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی اور صحافیوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں نے امریکی پولیس کے قدم کی مذمت بھی کی۔

0 Comments